ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈز میں زیر زمین تعمیراتی کام کے دوران 500 سال قدیم لکڑی کا جوتا دریافت ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈچ اپنے لکڑی کے جوتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں لیکن الکمار شہر میں 500 سال پرانی ایک کی حالیہ نایاب دریافت نے یہ ظاہر کیا ہے کہ ایک زمانے میں ان کا استعمال کتنا وسیع تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈچ دارالحکومت ایمسٹرڈیم کے شمال مغرب میں تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر الکمار میں زیر زمین ایک کچرے کے کنٹینر کی تعمیر کے دوران لکڑی کا جوتا دریافت ہوا۔
آثار قدیمہ کے ماہرین نے بتایا کہ جوتے کا یورپی سائز 36 ہے جو کہ 15 ویں صدی کے آخر اور 16 ویں کے آغاز میں بنایا گیا۔
ماہرِ آثار قدیمہ کے مطابق یہ خاص جوتا شہری علاقے میں زیرِ زمین تعمیراتی کام کے دوران ملا جو ہمیں ان کسانوں کی یاد دلاتا ہے جو اپنے کام کے دوران لکڑی کے جوتے استعمال کیا کرتے تھے لیکن یہ جوتا ایک شہری علاقے سے ملنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس زمانے میں اِس قسم کے جوتے روز مرہ کے استعمال میں عام ہوا کرتے تھے۔