اسلام آباد: پی ٹی آئی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل کے عمران خان سے متعلق بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی حیرت کی بات نہیں کہ دنیا، بشمول امریکا اور یورپی یونین، پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات کر رہی ہے۔ سویلینز کے ملٹری ٹرائل جیسے اقدامات عالمی سطح پر قابل قبول نہیں ہیں اور ان پر ہمیشہ آواز اٹھائی جائے گی۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ رچرڈ گرینل کی جانب سے عمران خان کی رہائی اور 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے دیے گئے بیان کو پی ٹی آئی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جو بھی پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں، 26 نومبر کے قتل عام، یا سویلینز کے ملٹری ٹرائل جیسے غیر قانونی اقدامات کے خلاف بولے گا، ہم اس کی حمایت اور شکریہ ادا کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ یہ صورتحال اس بات کی عکاس ہے کہ پی ٹی آئی کا موقف درست ہے اور عالمی برادری اس کی تائید کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان میں انصاف اور جمہوری اقدار کی بحالی کے لیے ایک مضبوط دلیل ہے۔