بھارت: غریبوں کے لیے اب پاپ کارن کھانا بھی دشوار ہوگیا

119

حکومتیں ٹیکس لگانے کے لیے بے تاب رہتی ہیں، کبھی کبھی اس معاملے میں انتہائی مضحکہ خیز اقدامات کیے جاتے ہیں۔ اب اِسی بات کو لیجیے کہ بھارت میں حکومت نے دیگر بہت سی اشیا کے ساتھ پاپ کارن پر بھی ٹیکس بڑھادیا ہے۔

پاپ کارن پر لگائے جانے والے جنرل سیلز ٹیکس نے عوام میں اشتعال کی لہر دوڑادی ہے۔ لوگون کا کہنا ہے کہ حکومت کو اگر کمانے کی اِتنی ہی فکر لاحق ہے تو پھر سانس لینے پر بھی ٹیکس لگادے۔

مرکزی حکومت کی طرف سے پاپ کارن اور بچوں کے دیگر فوڈ آئٹمز پر بڑھائے جانے والے جنرل سیلز ٹیکس نے عوام کو شدید ناراض کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ حکومت اب کسی بھی چیز کو اس حال میں نہیں چھوڑنا چاہتی کہ غریب اُس سے مستفید ہوں۔ اتر پردیش کی حکومت نے مرکزی حکومت سے استدعا کی ہے کہ پاپ کارن پر جی ایس ٹی میں اضافہ کرتے وقت مسالے دار اور سادہ کی تفریق کرے۔ سادہ پاپ کارن پر ٹیکس بڑھایا نہیں جانا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر لوگ حکومت کی طرف سے پاپ کارن کو بھی نہ بخشنے پر اظہارِ ناراضی کر رہے ہیں۔ حکومتی اقدامات اور اعلان کا تمسخر اڑانے میمز کی بھرمار ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو طے کرنا چاہیے کہ وہ عوام کو کسی بھی معاملے میں ریلیف دینا چاہتی ہے یا نہیں۔