آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان میں گر کر تباہ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

128

آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آذربائیجان کا مسافر طیارہ چیچنیا جا رہا تھا ، طیارہ قازقستان کے ایک ایئرپورٹ کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا، حادثے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں طیارہ زمین کی طرف تیزی سے گرتا اور پھر دھواں اور آگ کے ساتھ تباہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کی پرواز روٹ میں دھند کے باعث تبدیلی کی گئی تھی۔ حادثے سے پہلے، طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی، اور اس کے فوراً بعد یہ سانحہ پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارے میں فضا پرندوں کے ایک غول سے ٹکرایا تھا۔

روسی میڈیا کے مطابق طیارے میں 62 مسافر اور 5 عملے کے ارکان سوار تھے، جن میں سے 27 افراد بچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

قازق حکام نے بتایا کہ زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی طبی امداد جاری ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارے نے پرندے کی ٹکر سے بچنے کے لیے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی تھی۔ اس کے علاوہ، گروزنی میں موجود دھند نے طیارے کے راستے میں رکاوٹ ڈالی، جس کے باعث طیارے کو اپنے رخ میں تبدیلی کرنا پڑی۔