بلند فشارِ خون کی ادویہ لینے کا بہترین وقت

132
silent killer

بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) کی ادویات لینے کا صحیح وقت اکثر سوالات کا باعث بنتا ہے اور مختلف لوگوں میں اس حوالے سے مختلف طرح کے خیالات پائے جاتے ہیں۔

بہت سے افراد یہ سمجھتے ہیں کہ رات کو سونے سے پہلے بلڈ پریشر کی دوا لینا زیادہ بہتر ہو سکتا ہے جب کہ کئی دیگر اس کا برعکس بھی سوچتے ہیں، تاہم حقیقت ایسا ضروری نہیں ہے۔

عام طور پر رات کو سونے سے پہلے بلڈ پریشر کی دوا نہ لی جائے جب تک کہ ڈاکٹر نے خاص طور پر ایسا کرنے کی ہدایت نہ کی ہو۔ ماضی میں کئی ڈاکٹروں نے یہ تجویز کی تھی کہ رات کو دوا لینے سے دل کے دورے کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے، کیونکہ اکثر دل کے دورے صبح کے اوقات میں ہوتے ہیں۔ تاہم، بلڈ پریشر رات کو خود بخود کم ہو جاتا ہے، خاص طور پر وہ افراد جنہیں ہائی بلڈ پریشر ہوتا ہے، اس لیے رات میں دوا لینا ہمیشہ ضروری نہیں ہوتا۔

مزید برآں، ہائی بلڈ پریشر کے علاج میں استعمال ہونے والی سب سے عام دوائیں Diuretics (پانی والی گولیاں) ہوتی ہیں، جو بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ یہ دوائیں اضافی سیال کو جسم سے نکالنے کے لیے کام کرتی ہیں اور ان کا اثر پیشاب کے ذریعے ظاہر ہوتا ہے۔ اگر ان دواؤں کو رات کے وقت لیا جائے تو آپ کو بار بار پیشاب کے لیے جاگنا پڑ سکتا ہے، جس سے نیند میں خلل آ سکتا ہے۔

اس لیے ہائی بلڈ پریشر کی ادویات عموماً صبح کے وقت لینا بہتر ہوتا ہے، اور اگر دوا روزانہ دو بار لینی ہو تو اسے سونے سے کم از کم چھ گھنٹے پہلے لینا چاہیے تاکہ نیند میں خلل نہ ہو اور دوا کا اثر بہتر رہے۔