آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ:39 افراد جاں بحق، 33 زخمی

145

قازقستان کے شہر اکتاؤ میں آذربائیجان کا ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 39 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 33 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق طیارے میں عملے کے 5 ارکان سمیت مجموعی طور پر 72 افراد سوار تھے۔ یہ پرواز آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کی چیچن جمہوریہ کے دارالحکومت گروزنی جا رہی تھی، تاہم دھند کی شدت کے باعث طیارے کا روٹ تبدیل کرنا پڑا۔ 

حادثے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم عینی شاہدین کے مطابق طیارہ فضا میں پرندوں کے ایک غول سے ٹکرا گیا تھا۔ 

قازقستان کی وزارت برائے ہنگامی امور نے بتایا ہے کہ حادثے میں39 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 21 کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں ایک 11 سالہ بچی بھی شامل ہے۔ 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے مزید ہلاکتوں کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 

عینی شاہدین کے مطابق طیارے نے حادثے سے پہلے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی بار چکر لگائے۔   متعلقہ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو تفصیلات کا جائزہ لے رہی ہے۔