پانی کے حصول کیلیے احتجاج کرنیوالوں پر مقدمات شرمناک عمل ہے‘کاشف شیخ

73

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اقتدار کی بھیک کی خاطر پانی سمیت سندھ کے وسائل وحقوق کی سودے بازی کی ہے، کراچی میں پانی چوری کے خلاف اور پانی کے حصول کے لیے احتجاج کرنے والوں پر مقدمات قائم کرنا شرمناک عمل ہے، پرامن احتجاج اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد
کرنے والوں پر مقدمات جمہوریت کی دعویدار پیپلزپارٹی کے منہ پر طمانچہ ہے، جماعت اسلامی کراچی تا کشمور پیپلزپارٹی کی کرپشن ونااہلی کے خلاف اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی شہری اتحاد لاڑکانہ کے ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ 16 سال سے بلاشرکت غیرے تسلسل کے ساتھ سندھ میں برسراقتدار ہے مگر اس وقت بھی سندھ کے عوام بنیادی انسانی سہولیات سے بھی محروم ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بالکل بھی سنجیدہ نہیں نظرآتی جو منصوبہ ایک سال میں مکمل ہونا چاہیے تھا،10 سال گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہیں ہوسکا، جامشورو تاسیہون 2رویہ سڑک اس کی واضح مثال ہے۔ سسٹم کے لاڈلوں نے سندھ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، سسٹم نے ہر ادارے میں اپنے کارندے بٹھاکر لوٹ مار کے تمام رکارڈ توڑدیے ہیں۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ خوشحال اور پرامن سندھ ومسائل سے نجات کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں کیونکہ ملک میں حقیقی اور پائیدار تبدیلی صرف جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت لاسکتی ہے۔وفد نے صوبائی امیر سے والد کی وفات پر تعزیت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔ وفد میں ایاز حسین جعفری ، قربان علی ابڑو، اعجاز علی ، محمد سلیم عباسی، شاہد علی ابڑو، جان محمد تنیو، راشد شیخ، غلام حسین انصاری جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع لاڑکانہ کے امیر ایڈووکیٹ نادر علی کھوسو اور قاری ابو زبیر بھی موجود تھے۔