جامعہ سندھ میں تقریب ،1715 طلبہ کو گریجویٹس اسناد دی گئیں

57

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی کانووکیشن 2019-2023 کا دوسرا روز شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں 1715 گریجویٹس کو اسناد دی گئیں۔ شاندار کارکردگی پر طلبہ و طالبات کو 81 گولڈ میڈل اور 367چاندی کے میڈلز بھی دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ آئی آئی قاضی خصوصی ایوارڈ یونیورسٹی ٹاپ گولڈ میڈل چار طلبا کو دیا گیا۔ مختلف شعبوں آرٹس، کامرس و بزنس ایڈمنسٹریشن، تعلیم، انجنیئرنگ و ٹیکنالوجی ،اسلامک اسٹڈیز، قانون، نیچرل سائنسز، فارمیسی و سوشل سائسنز میں ٹاپ اچیورز کو مجموعی طور پر 81 گولڈ میڈلز دیئے گئے، نیز 367 سلور میڈلز بھی مختلف شعبوں کے گریجویٹس کو ان کی شاندار کارکردگی پر دیے گئے۔ دوسرے روز کے دوران مجموعی طور پر 1715 طلبہ و طالبات کو بیچلرز و ماسٹرز ڈگریاں دی گئیں۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ،ایمریٹس، ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے پرو وائس چانسلز، ڈینز، رجسٹرار و دیگر معززین کے ہمراہ اسناد و میڈلز دیے۔ دوسری جانب مختلف کیمپسز کے گریجویٹس کو بھی ان کے متعلقہ پرو وائس چانسلرز و فوکل پرسنز کی موجودگی میں اسناد دی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر، ایمریٹس،ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے گریجویٹ طلبا کی کامیابیوں کو سراہا اور فیکلٹی کی محنت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کانووکیشن کو طلبا کی محنت کا اعتراف اور یونیورسٹی کی ذمہ داری کا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ مادر علمی ان کی عملی زندگی کیلیے تیاری میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے جامعہ سندھ کی تازہ کامیابیوں کو اجاگر کیا، جن میں بڑی تحقیقاتی گرانٹس کا حصول، موثر منصوبوں کا آغاز، 2.45 میگا واٹ سولر انرجی پروجیکٹ کے ذریعے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا اور جدت و کاروباری کلچر کو فروغ دینے کیلیے انکیوبیشن سینٹر کا قیام شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے 15 نئے تعلیمی پروگرامز کے آغاز کا بھی ذکر کیا، جو مارکیٹ کی مانگ سے مطابقت رکھتے ہیں۔ انہوں یہ بھی بتایا کہ گزشتہ4 سال میں 85 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کی اسکالر شپس 15 ہزار سے زائد مستحق طلبا کو دی گئی ہیں۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے سماجی ذمہ داری، تحقیق و جدت کے فروغ میں جامعہ کے کردار پر روشنی ڈالی اور گریجویٹس کو نیک نیتی و ایمانداری کے ساتھ قومی ترقی میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اساتذہ، عملے اور تقریب کی منتظم کمیٹیوں کی محنت کو سراہا، جنہوں نے کانووکیشن کو یادگار و کامیاب بنایا۔ واضح رہے کہ دو روز کے دوران مجموعی طورپر260ایم فل و پی ایچ ڈی اسکالرز سمیت 2387 طلبا کو اسناد دی گئیں۔ دو روزہ تقریب کے دوران اسٹیج کی ذمہ داریاں ڈاکٹر محمودالحسن مغل اور ڈاکٹر تانیہ مشتاق نے سرانجام دیں۔