حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج نے 25دسمبر بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت اور مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پرحیدرآباد رینج میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی- حیدرآباد رینج کے تمام ایس ایس پیز صاحبان کو قائد اعظم ڈے اور کرسمس کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور بین المذاہب رواہ داری، ہم آہنگی و امن و امان کو ہرصورت قائم رکھنے کے احکامات جاری کردیے۔ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے مزید ہدایت کی کہ تمام ایس ایس پیز قائداعظم ڈے کے موقع پران کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے مقامی پریس کلب، اسکولز و کالجز اور دیگر مقامات پر نکالے جانے والی ریلیوں اورکرسمس کی مناسبت سے کی جانے والی عبادات / تقریبات کی سیکورٹی کو جامع بنانے کے لیے اپنے اپنے اضلاع جات میں موجود گرجا گھروں، عبادت گاہوں، مشنری اسکول و دیگر تعلیمی اداروں، کرسچن کمیونٹی کی آبادیوں و غیر ملکی ریسٹورنٹس، اہم سرکاری تنصیبات و سرکاری املاک کی متعلقہ تھانہ جات کی سطح پر سیکورٹی امور کو موثر و یقینی بنائیں اوراس حوالے سے گرجا گھروں اور کرسمس تقریبات کے منتظمین سے رابطوں کو یقینی بنایا جائے۔تمام ایس ایس پی صاحبان اپنے اپنے ضلع میں قائد اعظم ڈے اور کرسمس کی عبادات /تقریبات کی حفاظتی انتظامات کی نگرانی کریں اور افسران و اہلکاران کو ڈیوٹی سے قبل اس کی حساسیت و اہمیت سے متعلق آگاہ کریں۔قائد اعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر گنجان آباد علاقوں اور پبلک پارکس پر ممکنہ رش کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کی جائے۔اس امر پر سختی سے عمل کیا جائے کہ پارکنگ گرجا گھروں اور کرسمس تقریبات کی جگہوں سے مناسب فاصلے پر رکھی جائے اور کوئی شخص بغیر چیکنگ کے اندر داخل نہ ہونے پائے میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس کااستعمال، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور تمام تر فزیکل سیکورٹی میئرز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔پولیس افسران گرجا گھروں کی انتظامیہ، معززین اور مقامی کرسچن لیڈر شپ سے میٹنگز کرکے سیکورٹی مسائل ہونے کی صورت میں ان کو قبل از وقت حل کریں ۔سیکورٹی انتظامات گرجا گھروں کے منتظمین سے مشاورت کر کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دینے اورون وہیلنگ کے سد باب کے حوالے سے بھرپور اقدامات کی ہدایت بھی کی ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے شر پسند وں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے لیے سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کیلیے تمام ایس ایس پیز کو اپنے اپنے ضلعوں کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی، پولیس موبائل گشت، موٹر سائیکل پیٹرولنگ، سرپرائز و اسنپ چیکنگ کے خاطر خواہ انتظامات کے احکامات دیے۔ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے کہا کہ عوام کی جان و مال عزت آبرو کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں کوئی غفلت اور کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔