مٹیاری(نمائندہ جسارت)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد کھہرو کی زیر صدارت ایگرو لائیو اسٹاک نمائش کے انتظامات سے متعلق اجلاس۔ اجلاس ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ کے لطیف ہال میں منعقد ہوا جس میں ایوارڈ و شیلڈ اور اسٹال مینجمنٹ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ دونوں اجلاس میں 8 اور 9 فروری 2025ء کو ہونے والے پہلے ایگرو لائیو اسٹاک اور ہینڈی کرافٹ ایکسپو مٹیاری کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور احمد کھہرو نے تمام ضلعی افسران کو نمائش کو کامیاب کرنے کے لیے دلی لگن سے کام کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے، اس ایکسپو کے ذریعے ضلع مٹیاری میں زرعی، لائیوااسٹاک، فشریز، پولٹری اور ہینڈیکرافٹس سے وابستہ افراد کو فائدہ پہنچے گا اور وہ اپنی پروڈکٹس کے بہتر ریٹس حاصل کرسکیں گے۔اجلاس میں تعلیم ، سوشل ویلفیئر، ایگریکلچر ، لائیو اسٹاک اینیمل ہسبنڈری، فشریز، پولٹری پروڈکشن اور ضلع کے تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ایوارڈ و شیلڈ کمیٹی کے اجلاس میں ایکسپو کے لیے سووینئرز، ایوارڈز اور شیلڈز کی تیاریوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے تاکہ ایونٹ کو کامیاب بنایا جا سکے۔جبکہ اسٹال مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ایکسپو کے دوران اسٹالز کی ترتیب، انتظامات اور شرکاکو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران عوام کیلیے معیاری انتظامات یقینی بنانے کیلیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور اہم فیصلے کیے گئے۔