مسائل پر قابو پانے کیلیے فنڈز جاری کیے جائیں ،محمد سعید میمن

57

کنری(جسارت نیوز)یوسی شہید مائی بختاور کے چیئرمین محدود وسائل کے باوجود مختلف قصبات میں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کنری کی یوسی شہید مائی بختاور کے مسلسل ایک بار ناظم اور دو بار چیئرمین منتخب ہونے والی شخصیت محمد سعید میمن جوکہ رات دن عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں اپنے حلقہ انتخاب کے ووٹر سے ہر وقت رابطے میں رہنے کے باعث عوام میں کافی مقبول بھی ہیں،یونین کونسل شہید مائی بختاور کو (OZT) کے تحت ملنے والے محدود فنڈز سے اب تک مختلف قصبات جہاں سرے سے بجلی کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے ان گاؤں میں لوگوں کو 60 سولر پلیٹیں فراہم کیں جبکہ موسم سرما کے آغاز پر رانا واہ،شالی واہ،ڈمبرلو،ملوک شاہ اور راجاری کے مختلف قصبات کے غربا میں تین سو کمبل تقسیم کیے۔ علاوہ ازیں یوسی کے مختلف قصبات میں سیمنٹ کے پائپ نصب کرکے اس پر 30 پلیاں تعمیر کروائیں اور ووٹرز کے ودیگر کئی مسائل حل کروائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے مسائل زیادہ اور وسائل بہت کم ہیں، محدود فنڈز سے رقم بچا کر مختلف چھوٹی چھوٹی اسکیموں اور عوامی بھلائی کے کاموں پر خرچ کر رہے ہیں اور اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے ووٹرز کی خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یونین کونسلوں کو (OZT) کے تحت جو فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں وہ آٹے میں نمک اور اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہیں شہروں کی بنسبت قصبات میں مسائل بہت زیادہ ہیں جبکہ ملنے والے فنڈز برائے نام ہیں جس سے ان گھمبیر مسائل کو حل کرنا ممکن ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ جنوری میں مختلف قصبات میں لوگوں کو سولر پینل فراہم کئے جائیں گے،انہوں صوبائی حکومت اور لوکل گورنمنٹ دیہی علاقوں پر مشتمل یوسیز کو وافر مقدار میں فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ مسائل پر قابو پایا جا سکے۔