میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،وزیراعظم نے امریکی پابندیوں کو مسترد کردیا

193
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے

اسلام آباد (اے پی پی/آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف مذموم سازشیں ناکام بنائیں گے، ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا‘ قومی یکجہتی اور اتحاد کے فروغ کے لیے پی ٹی آئی کے ساتھ خلوص سے بات چیت کریں گے، امید ہے مذاکرات کی کامیابی سے ملک میں امن اور معاشی استحکام آئے گا‘تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر دفاعی پابندیوں کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام جارحانہ نہیں ہے، یہ 100فیصد پاکستان کے دفاع کے لیے ہے‘ پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دوبارہ سر اٹھانے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہماری کاوشوں کے ثمرات قوم کو نہیں مل پائیں گے‘ دہشت گردی کا دوبارہ سر
کچلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعظم نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے عوامل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف مذموم سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے پارا چنار میں فرقہ ورانہ تصادم کے افسوس ناک واقعہ کو بد قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تصادم میں دونوں اطراف سے جانیں ضائع ہوئیں۔ وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ جب یہ قتل و غارت ہو رہی تھی تو صوبائی حکومت اسلام آباد پر چڑھائی کررہی تھی، کاش ان کے وسائل اور توانائی پارا چنار میں صرف ہوتے تو اتنا نقصان نہ ہوتا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ بنگلا دیش نے پاکستان کی شپمنٹ کی100 فیصد چیکنگ ختم کر دی ہے‘ ڈھاکا ائرپورٹ پر پاکستانیوں کی الگ سے اسکریننگ بھی ختم کر دی گئی ہے‘ چاول کی برآمد شروع ہو گئی ہے۔ کابینہ میں 5 وزارتوں میں رائٹ سایزنگ کے دوسرے مرحلے کی منظوری نہ دی جا سکی، کئی وزیروں نے سخت مخالفت کی جس پر وزیراعظم نے دوبارہ سفارشات تیارکرنے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق حتمی سفارشات اگلے وفاقی کابینہ اجلاس میں ایک بار پھر سے منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاراچنار کی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ پارا چنار سے مریضوں کو دوسرے شہر منتقل کرنے کے لیے وزیراعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر مختص کیا گیا ہے‘ تمام اسپتالوں میں ضروری ادویات دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس منصوبے کو ریکارڈ42 دنوں میں مکمل کرنے پر وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبہ سے راولپنڈی، اسلام آباد کی ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔