کراچی:دنیا کی طویل ترین اور تیز رفتار سب میرین انٹرنیٹ کیبل”2 افریقا” پاکستان پہنچ گئی ہے، جسے ملک میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری کا پیش خیمہ قرار دیا جارہا ہے۔ اس کیبل کی کل گنجائش 180 ٹیرا بائٹس ہے اور اسے 2025 کے اختتام تک آپریشنل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
یہ سب میرین کیبل ہاکس بے، کراچی میں لینڈنگ کے ذریعے پاکستان تک پہنچی ہے اور اسے پاکستان کی تاریخ کی تیز ترین اور سب سے زیادہ گنجائش والی انٹرنیٹ کیبل کہا جا رہا ہے۔ منصوبے کے فعال ہونے کے بعدصارفین کی میٹا کے مواد تک رسائی بہتر ہو جائے گی، جس سے مقامی صارفین کے لیے سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز مزید مؤثر ہو جائیں گے۔
کیبل کی بدولت پاکستان کے بین الاقوامی رابطے کو مڈل ایسٹ، افریقا، اور یورپ سے مضبوط اور مزید قابل اعتماد بنایا جائے گا۔
سب میرین کیبل چائنا موبائل انٹرنیشنل، میٹا، اور دیگر شراکت داروں کے تعاون کا نتیجہ ہے، جس نے ٹرانس ورلڈ کی قیادت میں پاکستان تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ حکام کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے کیبلز کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔2 افریقا انٹرنیٹ کیبل پاکستان کی بین الاقوامی رابطے کی صلاحیت کو مزید بڑھائے گی اور اسے مڈل ایسٹ، افریقا، اور یورپ سے جوڑ دے گی۔ یہ منصوبہ 2025 کے آخر تک فعال ہوگا۔