9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کے آخری 2 ملزمان پر بھی فرد جرم عائد

110
GHQ attack case

اسلام آباد:انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں آخری 2 ملزمان پر بھی فرد جرم عائد کردی جب کہ دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی ہے، جس دن سے اڈیالہ جیل میں باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگا۔

دورانِ سماعت عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کی وڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ فراہم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ علاوہ ازیں فواد چودھری اور پارٹی چیئرمین کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کی دونوں درخواستیں بھی مسترد کر دی گئیں۔

عدالت نے عمر ایوب کی جانب سے وعدہ معاف گواہ کے بیان کی مصدقہ نقل فراہم کرنے کی درخواست منظور کر لی اور اس پر عمل درآمد کے لیے پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کیا گیا۔

عدالت نے شاہیر سکندر اور محمد عاصم کو غیرحاضری پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جب کہ 9 مئی کے دیگر 14 مقدمات کی آئندہ سماعت 9 مئی کے سانحے کے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے لیے 6 جنوری کو ہوگی۔