کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال 2025ء کے لیے ’’دی ڈیمو کریٹس‘‘ نے اپنے 12 رکنی پینل کا اعلان کر دیا ہے۔ ’’دی ڈیمو کریٹس پینل‘‘ کے لیے جیو نیوز سے صدارتی امیدوار فاضل جمیلی،روزنامہ امت سے نائب صدر کے امید وار ارشاد کھوکھر،روزنامہ ڈان سے خازنچی کے لیے عمران ایوب ،روزنامہ
جنگ سے سیکرٹری کی نشست کے لیے محمد سہیل افضل خان ،روزنامہ جنگ سے جوائنٹ سیکرٹری کے امیدوار محمد منصف ہوں گے۔اسی طرح گورننگ باڈی کی 7 نشستو ں کے لیے سماء نیوز سے عبدالحفیظ بلوچ،روزنامہ جسارت سے حماد حسین،بول نیوز سے کفیل احمد، 365چینل سے میمونہ صدیقی (مونا صدیقی)، سندھ ٹی وی سے منظور حسین، اے پی نیوز ایجنسی سے محمد فاروق اور اے آر وائی نیوز سے وابستہ محمد یاسر (قاضی یاسر) شامل ہیں۔کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ 28 دسمبر 2024 ء بروز ہفتہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کراچی پر یس کلب میں جاری رہے گی،سالانہ انتخابات میں دی ڈیمو کریٹس پینل سمیت دیگر پینل اور آزاد حیثیت سے امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ انتخابات کے لیے حسب روایت ووٹ ڈالنے کے لیے پریس کلب کارڈ دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں 1507 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔انتخابات میں کمپیوٹرائزڈ طر یقے سے الیکٹرونک سسٹم کے ذریعے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان کو کراچی پریس کلب الیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
پریس کلب