ڈہرکی(نمائندہ جسارت)چار ہفتے قبل ڈہرکی کے نواحی علاقے کھینجو روڈ ، نرلی مائنر کے رہائشی ثنا اللہ ولد شیر خان شر اور زوہیب ولد عاشق حسین شر کو رات گئے اپنے گاؤں سے ڈہرکی کی قریبی مشہور درگاھ جہان پور شریف سرحد کے علاقہ میں منعقدہ صوفی بزرگ کے سالانہ عرس کے میلہ پر جاتے ہوئے راستہ ہی میں سے نامعلوم اغوا کاروں نے اغوا کر لیا گیا تھا۔ اور دونوں نوجوانوں کے گم ہونے کی اطلاع ان کے اہل خانہ نے مقامی کو بروقت ہی کر دی تھی۔ اور اس واقعے کی اطلاع ملتے ساتھ ہی ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ نے ایس ایچ او تھانہ ڈہر کی سید قلب عباس شاہ کی سربراہی میں مغویوں کی بازیابی کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی تھی۔اور اس حکم کے مطابق ایس ایچ او ڈہرکی نے کچہ اور پکے کے علاقوں میں مغویوں کی بازیابی کے لئے مسلسل اپنے خفیہ ذرائع اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مغویوں کی بازیابی کیلئے کوشش جاری رکھی ہوئی تھی کہ گزشتہ رات ایس ایچ او ڈہرکی کو اپنے خفیہ ذرائع کے ذریعے اطلاع ملی کہ اغواکار دو مغویوں کو کسی دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں۔اور پولیس کو ملنے والی اس خفیہ اطلاع کے مطابق ایس ایچ او ڈہرکی اپنی پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ نشاندہی والی جگہ (یارو لنڈ) کے نزدیک پہنچے ہی تھے کہ وہاں چھپے اغوا کاروں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اور اپنی گرفتاری کے خوف اور اپنا گھیرا تنگ ہوتاہوا دیکھ کر فائرنگ شروع کردی تھی جس کے جواب میں پولیس کی بھی جوابی فائرنگ کے بھر پور جواب کے بعد اغوا کار پولیس کے دباؤ میں آکر اپنے پاس موجود دونوں مغویوں کو چھوڑ کر خود فائرنگ کرتے کرتے اندھیرے کی وجہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور پولیس پارٹی نے دونوں مغویوں کو ڈاکوؤں کے شکنجے سے باحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔پولیس کے اس اسپیشل آپریشن کے علاوہ پولیس کی جانب سے بھاگے گئے ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں آپریشن ابھی بھی جاری ہے اور پولیس کی مزید تازہ دم نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔تاہم پولیس نے ڈاکوؤں سے بازیاب کروائے گئے دونوں مغویوں کو معمول کی قانونی کاروائیوں کے بعد ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا ہے ۔اس خوشی کے موقع پر مغویوں کے اہل خانہ نے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم غریب لوگ تھے اور ہم سے یہ ممکن ہی نہیں تھا کہ ہم اپنے پیاروں کو ڈاکوؤں کے چنگل سے آزادی دلا پاتے بس یہ ایس ایس پی اور ان کی پولیس ٹیم کی کوششیں ہیں جن کی وجہ سے آج ہمارے پیارے بازیاب ہو کر ہمارے درمیان موجود ہیں۔ ادھر ایس ایس پی گھوٹکی کی جانب سے اچھی اور کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ڈہرکی سید قلب عباس شاہ انکی پوری ٹیم کے لئے شاباشی کے ساتھ تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان۔