حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، مرکزی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ ساجد حسین مہیسر، مرکزی میڈیا سیکرٹری کاشف ملاح، مرکزی رہنما سروان جتوئی، ایڈووکیٹ سچل بھٹی اور حسین سومرو نے اپنے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ دریائے سندھ کے پانی چوری کا مسئلہ سندھ کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، حکومت سندھ کی مدد سے وفاق 6 نئے کینال بنا کر سندھ کو خشک کر رہا ہے، نئے کینال بناکر سندھ کا سارا پانی چوری کر کے کمپنیوں کو فروخت کیا جائے گا. پیپلز پارٹی کی سندھ دشمنی کی وجہ سے کچھی کینال کا افتتاح ہو چکا ہے، تھل کینال اور چولستان کینال کا کام بھی جاری ہے، لیکن پیپلز پارٹی سندھی عوام کی پر امن جدوجہد کے خلاف سازشیں کر کے وفاقی حکومت کو کینال بنانے میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی پانی کے مسئلے پر سندھ دشمن قوتوں کے ساتھ ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بیان بازی کے بجائے پارلیمنٹ میں کینالز کے خلاف قرار داد پاس کرے اور کچھی کینال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کے قوم پرست 6 نئے کینالوں کو مسترد کر کے سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما سرفراز بگٹی پنجاب حکومت کی حمایت کر رہا ہے۔پیپلز پارٹی سندھی عوام کے ساتھ ڈبل گیم کر رہی ہے، ایک طرف پیپلز پارٹی کے رہنما کینالوں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں تو دوسری جانب صدر مملکت زرداری نے6 نئے کینالوں کی منظوری دی ہے، جبکہ آئینی طور پر صدر کے پاس نئے کینال بنانے کا کوئی اختیار نہیں، صدر زرداری نے بلاول کو وزیراعظم بنانے کے لیے غیر آئینی طور پر کینالوں کی منظوری دی ہے۔ اس لیے صدر زرداری کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔ صدر زرداری نے ایوان صدر کو سندھ کے خلاف سازشی مرکز میں تبدیل کر دیا ہے، کینال بنانے کے صدارتی حکمنامے ملک کے خلاف سازش ہے، پیپلز پارٹی ایک بار پھر ملک کو 1971ء کے حالات کی طرف دھکیل رہی ہے، پیپلز پارٹی کے کے اقتدار کی لالچ نے ملک کو پہلے بھی نقصان پہنچایا ہے اور اب پھر سے یہ 71ء کی تاریخ کو دہرانے کی سازش کر رہے ہیںلیکن سندھ کے عوام پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے پیپلز پارٹی کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ6 نئے کینال، زمینوں پر قبضے اور بے امنی کے خلاف سکھر ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے پیپلز پارٹی کی منافقت اور فراڈ کو بے نقاب کر دیا، سندھ کے عوام اپنی زمین اور دریا کو بچانے کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔