پاکستان جاپان تاجر برادری روابط بڑھائیں، سید ندیم عالم شاہ

96

کراچی(کامرس رپورٹر)جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اورلاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمیاں ابو ذرشادکی ملاقات ہوئی ۔اس دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کے معاملات سمیت جدید حکمت عملی پر مبنی روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھایا جا سکے۔اس موقع پر جاپان اور پاکستان کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے، بزنس ٹوبزنس میٹنگز کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جاپان کے بزنس مین ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھائیں اور روایتی شعبوں سے ہٹ کرتجارت کی نئی راہیں تلاش کریں تاکہ جاپان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دیاجاسکے، پاکستان اور جاپان کے پاس مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے دونوں ملک زرعی تحقیق، لائیو سٹاک اور ویلیو ایڈڈ ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپان نہ صرف پاکستان کا انتہائی مخلص دوست ہے بلکہ عطیات دینے والا ایک اہم ملک ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوں میں پاکستان کو 14ارب ڈالرسے زائددیئے ہیں، پاکستان جاپان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ہونے والی ترقی سے فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔