کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرین نے روس کی جانب سے جمعہ کے روز کیے گئے فضائی حملے کے جواب میں روسی سرحد سے ایک ہزار کلو میٹر اندر شہر کازان میں بلند رہائشی عمارت پر ڈرون حملہ کر دیا۔ 13لاکھ سے زیادہ آبادی رکھنے والے شہر کازان کی رہائشی عمارت پر ہونے والے ڈرون حملے میں عمارت کو نقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخوروا نے بتایا ہے کہ 2 ڈرونز نے 37 منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ یوکرین روس کی صنعتی تنصیب کو نشانہ بنا رہا تھا لیکن اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا ہے کہ عمارت پر حملہ آور ہونے والے 2 ڈرونز کو مار گرایا گیا ، جبکہ 3 کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکارہ بنا دیا گیا ۔ یوکرین کی جانب سے کیے گیے اس ڈرون حملے کی وجہ سے کازان شہر کے مصروف ترین بین الاقوامی ائر پورٹ کو جزوی طور پر بند کرنا پڑا۔ مقامی انتظامیہ نے حملے کے بعد عمارت سے کچھ رہائشیوں کو ریسکیو کرلیا گیا، لیکن کسی بھی قسم کے اعداد و شمار فراہم نہیں کیے گئے ۔ اس دوران احتیاطاََ علاقے میں تمام اہم عوامی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ یاد رہے کہ کازان میں ہونے والا یہ حملہ روس کی جانب سے کیف پر کیے گئے حملے کا جواب تھا جس میں ایک یوکرینی شہری ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوئے تھے۔