جیکب آباد ،بے امنی سے تنگ ہندو خاندان انڈیا منتقل

71

جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں بے امنی بھتا خوری ختم نہ ہوئی ایک اور ہندو نقل مکانی پر مجبور ،جیکب آباد چھوڑ کر انڈیا روانہ ،سنجے کمار کے بھائی کو ڈکیتی کے دوران قتل کیا گیا جس پروالد اور بھائی شہر سے چلے گئے مقتول کے قاتل آج تک پکڑے نہ گئے کل سنجے کمار بھی چلا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بے امنی بھتا خوری ختم نہ ہوسکی ہے قانون کی رٹ ختم اور ڈاکو راج جیکب آباد میں نافذ ہوتا جارہا ہے جہاں عوام کی دادرسی کرنے والا کوئی نہیں،سو د خور لوگوں کے گھروں پر قبضے کررہے ہیںاور مسلح افراد دوکانداروںاور گھروں میں زبردستی داخل ہوکر لوٹمار کرکے چلے جاتے ہیں پولیس کسی ایک لٹیرے کو پکڑ نہیں سکی ہے ایسی صورتحال میں جیکب آبا د سے نقل مکانی میں تشویشاناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے بے امنی بھتا خوری سود خوری ،غنڈہ گردی سے شریف شہریوں کا کاروبارکرنا اور رہنا مشکل ہو گیا ہے بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی ،سرکاری فنڈز میں کروڑوں کی کرپشن کی وجہ سے شہر کھنڈر اور عوام سہولت سے محروم ہیں اور مایوس ہوکر اپنی املاک کوڑیوں کے مول بیچ کر کوئی شہر تو کوئی ملک ہی چھوڑکر جا رہا ہے گزشتہ روز سنجے کمار بھی جیکب آباد چھوڑ کر انڈیا روانہ ہو گیا دوستوں نے الوداع کیا اس سے قبل سنجے کمار کے والد اور بھائی بھی شہر چھوڑ کر جاچکے ہیں،سنجے کمار کے بھائی کو ڈکیتی کی واردات کے دوران آٹوز کی دکان پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا قتل کرنے والے آج تک گرفتار نہ ہوسکے ہیں۔