پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مالی سال 2023-24 کے دوران 177 ٹیلی کام لائسنس جاری کیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لائسنس کے اجرا کا عمل اب مکمل طور پر آن لائن کردیا گیا ہے، جس سے دور دراز علاقوں کے افراد بھی آسانی سے درخواست دے سکتے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق پی ٹی اے نے گزشتہ سال کے دوران مختلف اقسام کے لائسنس جاری کیے جن میں 60 فکسڈ لوکل لوپ، 36 کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز، 31 وائرلیس ایچ ایف اور وی ایچ ایف لائسنس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، 39 ای میچور، 3 لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل، 6 ایرو ناٹیکل موبائل اسٹیشن اور 2 ایل پی ڈبلیو اے این لائسنس بھی جاری کیے گئے۔
پی ٹی اے نے یہ بھی بتایا کہ مجموعی طور پر اب تک 2,140 لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سب میرین کیبلز کے 7 لائسنس بھی شامل ہیں، جبکہ سب میرین کیبلز کے 4 مزید لائسنس پائپ لائن میں ہیں۔ لائسنس کے اجرا کا یہ جدید طریقہ کار ٹیکنالوجی کے ذریعے لوگوں کی سہولت کو یقینی بناتا ہے، اور درخواست دہندگان کو وقت اور محنت کی بچت فراہم کرتا ہے۔