ریاست کرناٹکا میں ایک نیا اور عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک جوڑا اپنے بچے کا نام رکھنے کے معاملے پر اتنا اختلاف کرتا ہے کہ بالآخر انہیں عدالت کا رخ کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ عجیب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک 26 سالہ شوہر اور اس کی 21 سالہ بیوی اپنے بچے کا نام رکھنے پر متفق نہ ہو سکے۔ بیوی نے بچے کا نام “عدی” رکھنے کی تجویز دی، لیکن شوہر اس نام سے ناخوش تھا اور اس نے اس کی سخت مخالفت کی۔
جب شوہر نے بیوی کے بتائے ہوئے نام پر اعتراض کیا تو یہ معاملہ شدت اختیار کر گیا اور دونوں میں مہینوں تک بحث و تکرار جاری رہی۔ نام رکھنے کے مسئلے پر تنازعہ اتنا بڑھا کہ دونوں نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
مختلف تجاویز کے باوجود جب دونوں نے جج کی پیش کی ہوئی تمام باتوں کو مسترد کر دیا تو بالآخر عدالت نے اس تنازعے کو حل کرنے کے لیے آخری قدم اٹھایا۔
گزشتہ ہفتے میسور کی سیشن کورٹ کے جج نے بچے کا نام “آریہ وردھن” رکھنے کی تجویز پیش کی، جس پر دونوں والدین راضی ہوگئے اور یہ معاملہ خوشگوار طریقے سے ختم ہوگیا۔