جمعیت نے طلبہ حقوق اور اسلامی نظامِ تعلیم کے نفاذ کی بے مثال جدوجہد کی، حافظ نعیم

107

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جمعیت نے طلبہ حقوق اور اسلامی نظامِ تعلیم کے نفاذ کی بے مثال جدوجہد کی ہے۔

اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے 78 ویں یوم تاسیس کے موقع پر انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کو اس کے 78 یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جمعیت نے طلبہ حقوق اور اسلامی نظام تعلیم کے نفاذ کی بے مثال جدوجہد کی ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ملک میں طلبہ کی سب سے بڑی اور منظم تنظیم ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نظریاتی اور ایک مکمل جمہوری قوت ہے ۔  ملک میں بڑی بڑی سیاسی جماعتیں خاندانوں اور شخصیات کا طواف کرتی ہیں، وہیں اسلامی جمعیت طلبہ ہر سال اپنی مرکزی قیادت کا انتخاب کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت ملک میں طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔ جمعیت کی یکساں نظام و نصاب کے نفاذ کے لیے جدوجہد قابل تحسین ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کی جدوجہد اسے دیگر تنظیموں سے ممتاز کرتی ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ نے یونین الیکشنز میں ہمیشہ نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ  اسلامی جمعیت طلبہ کو کالجز اور جامعات میں ہمیشہ طلبہ وطالبات کی حمایت حاصل رہی ۔ 1984 میں آخری بار اسٹوڈنٹ یونینز کے انتخابات میں بھی ملک بھر میں طلبہ کی نمائندہ آواز کے طور پر سامنے آئی تھی۔ حکومت فوری طلبہ یونین کو بحال کرنے کا اعلان کرے۔ یونین سازی طلبہ کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔