دبئی میں بھارتیوں کو لُوٹنے پر 4پاکستانیوں کو قید اور بھاری جرمانہ

121

دبئی:متحدہ عرب امارات کے بزنس حب دبئی میں 4پاکستانی شہریوں کو 2، 2 سال قید اور مجموعی طور پر 10 لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ 29 مارچ کو الرفا پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جہاں پاکستانی شہریوں نے 2 بھارتی شہریوں کو اغوا کرکے لوٹ لیا۔ بعد ازاں تفتیش کے دوران پتا چلا کہ اغوا کار اصل پولیس اہلکار نہیں بلکہ پولیس کے لبادے میں بہروپیے تھے۔

دبئی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ملزمان کے خاکوں کی مدد سے کارروائی کرکے 4ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

واردات کے حوالے سے میڈیا میں بتائی گئی تفصیلات کے مطابق ملزمان کو ان کے گینگ کے ڈرائیور نے بتایا کہ بھارتی شخص کے پاس بھاری رقم موجود ہے، جس کے بعد ملزمان نے پولیس کے روپ میں ان کا پیچھا کیا اور ایک مقام پر روک کر ان کی تلاشی لی۔

ملزمان پاکستانی شہریوں  نے دونوں بھارتی شہریوں کو علیحدہ گاڑیوں میں اغوا کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے رقم چھیننے کے بعد انہیں چھوڑ دیا۔

مقامی عدالت نے شواہد اور اعتراف جرم کی بنیاد پر 4ملزمان کو 2سال قید اور ہر ایک کو ڈھائی لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی جب کہ پانچویں ملزم کو ناکافی شواہد کی بنا پر بری کر دیا گیا ہے۔فیصلے کے مطابق قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد چاروں مجرموں کو ملک بدر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔