بیرسٹر گوہر کی وزیراعظم اور وفاقی وزرا کیخلاف درخواست بغیر کارروائی ملتوی

109

اسلام آباد:بیرسٹر گوہر کی جانب سے وزیراعظم اور دیگر وفاقی وزرا کے خلاف درخواست کسی کارروائی کے بغیر ملتوی ہو گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈی چوک احتجاج کے دوران مبینہ طور پر جاں بحق اور لاپتا کارکنوں کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ڈسٹرکٹ سیشن جج اعظم خان نے کی۔ 

عدالت میں شکایت (پرائیویٹ کمپلینٹ) دائر کرنے والے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی عدم حاضری کے باعث عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بیرسٹر گوہر کچھ دیر میں پہنچیں گے، جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد کیس کی سماعت رکھی جائے گی۔ 

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر کردہ درخواست (پرائیویٹ کمپلینٹ) میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، اور وزیر دفاع خواجہ آصف و دیگر حکومتی شخصیات کو فریق بنایا گیا ہے۔ 

درخواست میں آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی سیکورٹی اور نامعلوم افراد کے خلاف بھی الزامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ،  ہونے والے 38 کارکنوں  اور 139 لاپتا کارکنوں  کے ناموں کی فہرست بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی ہے۔ 

عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے کیس کو 15 جنوری تک مؤخر کر دیا ہے۔ اب آئندہ کارروائی عدالت کی موسم سرما کی تعطیلات کے بعد ہوگی۔