الخدمت کا کرسمس پر 3 ہزار مسیحی خاندانوں کیلیے امدادی پیکیج

69

راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے کرسمس کے موقع پر تین ہزار مسیحی خاندانوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔

چیئرمین کمیونٹی سروسز ومرکزی نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ مختلف مذاہب کے تہواروں کے موقع پر الخدمت مستحق اور نادار خاندانوں کو تحائف اور فوڈ پیکیج فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اور عیدین کے موقع پر مسلم کمیونٹی،دیوالی پر ہندوکمیونٹی،کرسمس پر کرسچین کمیونٹی کے نادارخاندانوں کو امدادی ساما ن فراہم کیا جاتاہے۔مذہب،مسلک،علاقائی تقسیم سے بالاتر انسانیت کی خدمت کے اس مشن کا مقصد نادار افراد بالخصوص بچوں کے چہروں پرمسکراہٹیں بکھیرناہوتا ہے۔

کرسمس کی مناسبت سے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پاکستان بھرمیں مختلف تقریبات کاانعقاد جاری ہے جن میں مسیحی پاکستانی کمیونٹی کے مستحق خاندانوں کو تحائف،راشن سمیت دیگرامدادی سامان فراہم کیا جارہا ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں 3ہزار مستحق مسیحی خاندانوں کو امدادی پیکیج دے رہے ہیں۔

مسیحی کمیونٹی کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ اسلام کمزو رطبقات کا خیال رکھنے کا حکم دیتا ہے۔ یہ ہماری معاشی اور اخلاقی ذمے داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔