حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)اقوام عالم، اسلامی ملکوں اور انسانیت سے محبت رکھنے والوں لوگوںکوچاہے کہ وہ فلسطین و مقبوضہ جموں و کشمیرکے محکوم عوام کی حالت زار کی طرف توجہ دیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کابھر پور اظہار کریں، بھارت غیر آئینی و غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قابض ہے اوراس نے کشمیریوں کو تمام بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے، وہ ان کی آوازکو طاقت کے زور پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے،ان کی زمینوں، گھروں پر قبضہ کر رہا ہے،ان کی شناخت چھیننے کی کوشش کر رہا ہے تو اسرائیل فلسطین میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے نسل کشی کررہاہے،غزہ میں اسپتال کھنڈرات میں تبدیل کیے جا رہے ہیں، فلسطینی سر زمین پر اسرائیلی افواج کی طرف سے نسل کشی کے واضح آثار ہیں۔ان الفاظ کا اعادہ ملک بھر کے علما مشائخ کی نمائندہ تنظیم علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے سر براہ سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشیں آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹانے دنیا بھر میں انسانی یکجہتی کے عالمی دن کے حوالے سے یو ایم ایف پی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار سے صدارتی خطاب میں کیا، سیمینار سے پرو فیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری، پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ سعید سہروردی، پروفیسر ڈاکٹر مہربان نقشبندی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،پروفیسر ڈاکٹر علامہ ضیا الدین،پر و فیسر علامہ ڈاکٹر محمود عالم خرم آسی جہانگیری، مولانا سلمان بٹلہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے کہا کہ جب دنیا میں انسانی یکجہتی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے تو بھارتی مظالم کا شکار کشمیر ی اور فلسطین میں اسرئیلی ظلم و جبر میں مبتلا فلسطینی اپنے حق و انصاف اور یکجہتی کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم افراد اپنے تعیں حق و انصاف اور یکجہتی کے بے تابی سے منتظر ہیں، حق و انصاف پر یقین رکھنے والی دنیا بھر کی اقوام کو چاہئے کہ وہ گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی حالت زار کی طرف توجہ دیں اور انہیں غیر قانونی بھارتی تسلط سے نجات دلانے کیلیے کردار ادا کریں۔انہوں نے بھارتی غلامی سے آزادی کیلیے کشمیریوں کے جذبے اور بہادری خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے370 اور 35A کی دفعات غیر قانونی طورپر منسوخ کیں اور وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بی جے پی کی پالیسیوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے،جبکہ غزہ میں شہریوں کو پانی تک رسائی سے محروم رکھنے کے اسرائیل کے نسل کشی کے اقدامات مذمت ہیں عالمی برادری اور اسرائیل کے حامی ممالک اسرائیل کے لیے غیر مشروط حمایت ختم کر کے غزہ میں نسل کشی کو روکنے کی ذمے داری پوری کریں۔ صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے امریکا کی جانب سے پاکستان کی میزائل صلاحیتوں اور ترسیل کے ذرائع سے مبینہ طور پر خطرے کے اظہار کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہ امریکا کا ایسا اقدام پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان اسٹرٹیجک صلاحیتوں سے دستبردار نہیں ہوگا، اسٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد خود مختاری کا دفاع اور قیام امن ہے،پاکستان نے امریکا کے ساتھ تعلقات کیلیے لازوال قربانیاں دی ہیں، پاکستان کے اسٹرٹیجک پروگرام کو کسی دوسرے ملک کے لیے خطرہ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔