فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کے سیکڑوں افراد منتخب ہو کر قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ممبربنے، کسی ایک ممبرپربھی کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت ہی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ضلعی جنرل سیکرٹری یاسر اقبال کھارا،انجینئرعبدالوہاب نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ہمارے پاس بہترین لوگ ہیں اور پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے اور اداروں کو ٹھیک کرنے کا مکمل روڈ میپ ہے ۔ قوم ہمارا ساتھ دے اور آزمائے ہوئے لوگوں پر مزید اعتبار نہ کرے۔ قوم کو اہل اور ایمان دار قیادت کی ضرورت ہے جو اسے جماعت اسلامی کی صورت میں دستیاب ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی ہر مشکل وقت میں عوام کی خدمت کی مثالیں قائم کیں جس کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے۔ ملکی مسائل کے حل، ترقی،امن اور خوشحالی کے لئے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے، جماعت اسلامی کے سیکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی ،کرپشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں۔ جماعت اسلامی جیسی جمہوری ، اہل اور دیانتدار جماعت ہی دنیا میںملک کا امیج بہتر کر سکتی ہے۔