لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملکی سرحدیں غیر محفوظ ہو چکی ہیں، دہشت گرد مسلسل سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں شہید کر رہے ہیں اور حکومت کو سیاسی مخالفین کو دبانے سے فکر نہیں۔کچھ غیر ملکی قوتیں ملک و قوم کی سلامتی سے کھیل رہی ہیں ان کو بے نقاب کرتے ہوئے کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔ملک کی بقا ہر چیز سے مقدم اور ضروری ہے، اس کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک و قوم اس قوت بحرانوں کی زد میں ہیں، ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں، عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں، حکومتی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کی بدولت معاشی بدحالی اپنے عروج پر ہے جبکہ دوسری جانب رہی سہی کسر دہشت گردی نے پوری کر دی ہے۔یہ نا سور ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ مشرف دور حکومت کی بزدانہ پالیسیوں کا خمیازہ آج تک ملک و قوم بھگت رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کو ایک ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو کرپشن سے پاک اور محب وطن ہو۔ چوروں لٹیروں اور کرپٹ مافیازنے لوٹ مار کی انتہا کر دی ہے۔جو جتنا بڑا لٹیرا ہے وہ اتنے ہی بڑے عہدے پر فائزہے۔ان سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔قوم نے ان کو باربار آزما لیا ہے اس سے خیر کی توقع نہیں۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر 25دسمبر کو لاہور سمیت پورے صوبے میں کاشتکاروں کے ساتھ حکومتی ناروا سلوک کے خلاف بھر پور تحریک کا آغاز کریں گے۔ کارکن ایک بڑی تحریک کے لیے تیاری کریں۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے سابق امیر ضلع افتخار احمد چودھری مرحوم کے نماز جنازہ میں شرکت کی، مختصر تزکیر کی اور نماز جنازہ پڑھایا۔ نماز جنازہ میں امیر ضلع طلعت رشید چودھری، انوار الحق بٹ، راشد چودھری، محمود اکرم سمیت دیگر جماعت کے ذمہ داران بھی موجود تہے۔اس موقع پر امیر صوبہ نے مرحوم کے بیٹوں سے اظہار تعزیت کیا اور بعد ازاں قبرستان میں تدفین کے عمل میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ افتخار احمد چودھری مرحوم اپنے علاقے میں جماعت کا حقیقی چہرہ تھے، وہ اپنی یونین کونسل میں ناظم رہے اور سیاسی و خدمت خلق کے میدان میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا، اللہ تعالی اقامت دین کے لیے ان کی محنت کو قبول فرمائے اور مرحوم کی اگلی منزلوں کو آسان فرمائے، آمین۔