راولپنڈی (صباح نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں میں ملوث افراد، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے اتوار کو جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کے مقابلے میں ان کی غیر متزلزل لچک و ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا۔ جنرل عاصم منیر نے کہاکہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا‘ پاک فوج قوم کی پرعزم حمایت کے ساتھ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کریگی‘ ریاست کے خلاف مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کو قیمت چکانا ہوگی‘ ان شا اللہ دہشت گردی اور انتہا پسندی اور اس کی تمام شکلوں کو ختم کیا جائے گا جس کے لیے ہم پرعزم ہیں‘ پاکستان کی مسلح افواج کی جرأت، لچک اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی سے نبردآزما جوانوں پر فخر ہے۔ آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی بہادری اور بے لوث لگن پورے ملک کے لیے قابل فخر ہے۔ آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ریاست کے خلاف ان کی مذموم سرگرمیوں، سہولت کار کے ساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت کرنے والوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔