غزہ سے امریکیوں کو نکالنے میں ناکامی ‘بائیڈن حکومت پر مقدمہ
9فلسطینی امریکیوں نے امریکی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا جس میں الزام لگایا کہ وہ غزہ جنگ کے دوران انہیں یا ان کے خاندان کے افراد کو بچانے میں ناکام رہی ہے۔ مقدمے میں محکمہ خارجہ پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ فلسطینی نژاد امریکیوں کو جنگی علاقے میں بے یار و مددگار چھوڑ کر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے اور ان کے فوری انخلا اور حفاظت کے لیے ویسی کوشش نہیں کر رہا ہے جیسا کہ اسی طرح کے حالات میں دیگر امریکیوں کے لیے کی جاتی ہیں۔ مقدمے میں امریکی حکومت کی جانب سے افغانستان، لبنان اور سوڈان جیسے متنازع علاقوں سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے تقابلی واقعات کا ذکر ہے اور صدر جو بائیڈن، وزیرِ خارجہ انتھونی بلنکن اور وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن کو مدعا علیہان کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ایک ہفتے کے دوران امریکی حکومت کے خلاف یہ دوسرا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل فلسطینی خاندانوں نے واشنگٹن کی طرف سے اسرائیلی فوج کی حمایت کرنے پر امریکی محکمہ خارجہ کے خلاف مقدمہ دائر کیاتھا۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ محکمہ زیر التوا قانونی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتا ، دنیا بھر میں امریکی شہریوں کی حفاظت اور سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے۔
نیتن یاہو جھوٹوں کا سردار اسرائیلی اخبار کی کڑی تنقید
اسرائیلی اخبار ہارٹز نے انتہا پسند صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججوں کی طرف سے نیتن یاہو کی گواہی کو ملتوی کرنے کے فیصلے سے سمجھنا آسان ہوجاتا ہے کہ اس اکتادینے والی کہانی کو ختم کیے بغیر مقدمے کی سماعت 5 سال تک کیسے بڑھ گئی۔ اخبار نے جمعہ کے روز اپنے اداریے میں وضاحت کی کہ بند سیشن میں نیتن یاہو کی گواہی کو منسوخ کرنے کے حالیہ فیصلے نے اس دن عدالت میں نیتن یاہو کے پیش نہ ہونے کی اہم اور پراسرار وجہ کے حوالے سے افواہوں کی ایک لہر کو جنم دیا۔ افواہوں میں یرغمالیوں کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے قاہرہ کا فوری دورہ، یمن یا ایران پر حملہ اور شام سے جاسوس ایلی کوہن کی باقیات کی واپسی شامل ہیں، لیکن نیتن یاہو نے مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں میں ماؤنٹ ہرمون کا دورہ کرتے ہوئے دن گزارا۔ سیاسی اور سلامتی کے تحفظات کے علاوہ ججوں نے نیتن یاہو کی گواہی میں تاخیر کا جواز پیش کیا کہ انہوں نے اس ہفتے کے آخر میں خطے میں متوقع موسمی صورتحال کو مدنظر رکھا۔ اخبار نے رپورٹ کیا کہ پراسیکیوٹرز میں سے ایک نے اس عمل پر احتجاج کیا جس کے تحت نیتن یاہو عدالت میں اپنے معاونین سے نوٹ وصول کرتے ہیں۔ اخبار نے نیتن یاہو کو پرلے درجے کا جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا وہ جھوٹوں کا سردار ہے۔
غرب اردن:سلفیت میں یہودی آباد کاروں نے مسجد نذرآتش کردی
انتہا پسند یہودی آباد کاروں نے مغربی کنارے کے شمال مغرب میں سلفیت شہر کے شمال میں واقع مردا گاؤں میں ایک مسجد کو نذر آتش کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آباد کاروں نے گاؤں کے مشرقی علاقے پر دھاوا بول دیا کر بر الوالدین مسجد کو آگ لگا دی اور اس کی دیواروں پر نسل پرستانہ نعروں کی چاکنگ کی۔ مقامی رہائشی آگ کو مسجد میں پھیلنے سے پہلے ہی بجھانے میں کامیاب ہو گئے جس کی وجہ سے نقصان صرف مسجد کے داخلی دروازے تک ہی محدود رہا۔ سلفیت اوقاف کے ڈائریکٹر عثمان الدین نے اس شرپسندانہ حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے اسے خدا کے گھر پر مجرمانہ حملہ قرار دیا۔ انہوں نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس کارروائی پر محتاط رہیں اور آئندہ ایسے واقعات کے وقوع پزیر ہونے سے روکنے کے لیے حرکت میں آئیں۔ اوقاف اور مذہبی امور کی وزارت نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان جرائم کی مذمت کے لیے کارروائی کریں اور ان کے مرتکب افراد کو جوابدہ ٹھہرائیں۔
طولکرم میں اسرائیلی حملے میں القسام کے 4کارکن شہی
غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں قابض صہیونی فوج کے بزدلانہ ڈرون حملے میں حماس کے عسکری ونگ عزالدین شہید القسام بریگیڈز کے 4مجاہد شہید ہوگئے۔ القسام کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طولکرم کیمپ میں ہونے والے فضائی حملے میں شہید ہونے والوں میں القسام کمانڈردوسم سفیان العوفی،فیلڈ کمانڈر ،طولکرم بٹالین کمانڈرطارق محمود الدش، شہید القسام کمانڈرمحمد عوفی اور مجاہدمحمد نافز رحیمہ شامل ہیں۔ ان سب کا تعلق طولکرم کیمپ سے ہے۔ القسام بریگیڈز نے کہاکہ چاروں شہدا کا خون رائے گاں نہیں جائے گا اور فلسطینی قوم کی آزادی کی منزل اور دشمن کی تباہی کو اور قریب کردے گا۔القسام کا فدائی حملہ‘کئی صہیونی فوجی جہنم واص القسام بریگیڈز کے ایک مجاہد نے شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ میں موجود صہیونی فوجیوں پر فدائی حملہ کیا جس کے نتیجے می کئی صہیونی فوجی جہنم واصل اور زخمی ہوگئے۔ القسام بریگیڈز کے مطابق مجاہد نے شمالی غزہ کی پٹی کے جبالیہ کیمپ میں ایک صہیونی اسنائپر اور اس کے معاون کو ہلاک کیا۔ اس موقع پر مجاہد نے قابض فوجیوں کی وردی پہنی اور صہیونی فوجیوں کا بھیس بدل کر 6 فوجیوں پر مشتمل صہیونی گروپ کو نشانہ بنایا۔ اس دوران القسام کے مجاہد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
جبالیہ کیمپ میں 7 بچوں سمیت 12افراد شہید
غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے جبالیہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل عام میں 7 بچوں اور ایک خاتون سمیت 12 شہری شہید ہوگئے۔ قابض فوج کے طیاروں نے جبالیہ النزلہ میں خلہ خاندان کے ایک گھر پر بمباری کی ۔ اس سے قبل جمعہ کی شام غزہ کی پٹی کے وسط میں نصیرات کیمپ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی بمباری میں 8 فلسطینی شہید اور کم از کم 15 زخمی ہو گئے تھے۔شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بچے تھے۔