اسلام آباد:خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس آئی ایف سی کی معاونت سے انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 31 فیصد جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، انجینئرنگ کے شعبے میں صنعتی مشینری، ٹرانسپورٹ کا سامان، آٹو پارٹس اور ربڑ کے ٹائروں کی برآمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 17.6 فیصد اضافے کے ساتھ 4.02 ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.73 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ زیورات اور پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 100 فیصد سے لے کر 530 فیصد تک غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔