کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہےکہ کراچی کے شہریوں کو پانی ٹینکروں کے ذریعے نہیں نلکوں میں فراہم کیا جائے، پانی کی لائنوں کے ٹوٹ بھوٹ کی ذمہ داری براہ راست واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ہے۔
امیرضلع شرقی نعیم اختر کے ہمراہ واٹر کارپوریشن کی بدترین کارکردگی و نا اہلی اور شہر میں پانی کے بحران کے خلاف نیپا ہائیڈریٹ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ آئے روز پانی کی لائن کی خرابی کے باعث پانی بند کردیا جاتا ہے،عوام مسائل کے حل کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک کا حصہ بنیں،فارم 47 کی پیداوار کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھاکہ گزشتہ 19 برس سے وفاق میں شامل جماعتوں کی نااہلی کی وجہ سے آج تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، مسلم لیگ ن کو کراچی سے کوئی غرض نہیں ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم آپس میں نورا کشتی کرتے ہیں اور شہریوں کو بجلی و پانی سے محروم رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملیر کینٹ سے جیل چورنگی تک ریڈ لائن نے عوام کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے، پیپلز پارٹی گزشتہ 16 سال سے اندرون سندھ سمیت کراچی کے عوام کے ساتھ استحصال کررہی ہے، جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کے تھری منصوبہ مکمل کرنے کے بعد کے فور منصوبہ پیش کیا اور اس کے لیے بجٹ بھی منظور کروالیا، اس کے بعد مصطفی کمال آئے اور اپنے کمالات دکھا کر شہر سے اربوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے لیکن کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور کے فور منصوبہ مکمل کیا جائے،کراچی کے تباہ حال انفرااسٹرکچر بحال کیا جائے۔