غزہ :غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سلسلہ نہ رک سکا، صیہونی فورسز کی بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ 61 زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 فلسطینی شہید جبکہ 61 زخمی ہوئے، جس میں 2 بچے اور7خواتین شامل ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ سال 8 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 45 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جس میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 77 ہزار کے قریب ہے۔
واضح رہے کہ حماس نے جنگ بندی کے حوالے سے اپنی شرائط پیش کی ہوئی ہیں ، جس پر اسرائیلی حکام نے اپنی نئی شرائط جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر ہماری فوجی چوکیاں قائم رہیں گی، اسی صورت میں جنگ بندی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب یونیسیف کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ قبرستان میں تبدیل ہو گیا ہے، غزہ کے بچے سردی، بیماری اور صدمے کا شکار ہیں، 96 فیصد خواتین اور بچے غذائی ضروریات سے محروم ہیں، جس کی وجہ سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔