اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز:  پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل

117

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )  سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی تشکیل د یتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی کاوش کو سراہتا ہوں، امید ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ ،سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں،راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چودھری سالک حسین بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران متوقع ہیں، مذاکرات کہاں ہوں گے حکومتی کمیٹی اس کا اعلان کرے گی، مذاکرات شروع ہوتے ہی سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے باتیں  دم  توڑ جائیں گی۔ خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔