ایٹمی پروگرام کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، مرکزی مسلم لیگ

96

لوئر دیر (پ ر) صدر مرکزی مسلم لیگ ملاکنڈ ڈویژن عبدالغفار منصور نے کہا ہے کہ امریکا ماضی میں بھی پاکستان کی محب وطن شخصیات پر پابندیاں اور قومی سلامتی کے اُمور میں مداخلت کی کوشش کرتا رہا ہے، مرکزی مسلم لیگ پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی پابندیوں اور امریکی ڈپٹی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر جوناتھن فائنر کے بیان کی شدید مذمت کرتی ہے، امریکا نے بھارتی جنگی جنون، کشمیر میں ریاستی جبروظلم اور ہندوستان میں جوہری مواد کی مسلسل چوری کے خلاف کوئی اقدامات نہیں کیے، پاکستان کے میزائل پروگرام کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور پابندیوں کے پیچھے بھارت، اسرائیل گٹھ جوڑ کار فرما ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے اس خطرے سے دو سال پہلے آگاہ کیا تھا کہ پاکستان کے میزائل اور ایٹمی پروگرام کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں اور ابھی وہ بات کھل کر سامنے بھی آ گئی ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے 28 مئی 2023 کو مینارِ پاکستان گراؤنڈ اور 28 مئی 2024 کو لیاقت باغ راولپنڈی میں تاریخی تکبیر کانفرنس منعقد کیں اور پورے ملک میں عوامی سطح پر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے دفاع کے لیے مہم چلائی ہم یہ باور کروا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے، ہم اپنے دفاع اور خود مختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے۔