گوادر (نمائندہ جسارت) میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ اسپتال میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ٹوکن ہڑتال 26 ویں روز میں داخل، گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ٹوکن ہڑتال اس وقت پورے بلوچستان میں جاری ہے جس میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس، فارماسسٹ، نرسزز، ایل ایچ ڈبلیوز، پی پی ایچ آئی، ایمپلائز یونین اور دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے صوبائی قائدین نے صوبائی حکومت کو اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیے ہیں لیکن تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی 3 گھنٹے کی ٹوکن پڑتال سے پورے بلوچستان کے اسپتالوں میں مریضوں کو علاج و معالجے کے لیے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن عوامی نمائندوں کی خاموشی معنی خیز ہے۔