کنری (جسارت نیوز) ضلع بدین گوٹھ غلام رسول ملاح کے رہائشی 21 سالہ نوجوان ویرو ولد وکیو بھیل اور اس کی والدہ میراں زوجہ وکیو بھیل نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر جامع بخاری مسجد کے خطیب مفتی اسداللہ کے ہاتھ کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کر لیا، اسلام قبول کرنے کے بعد نومسلموں کے اسلامی نام بالترتیب عبداللہ اور مریم رکھے گئے۔ نومسلموں نے بتایا کہ انہوں نے اسلام کی حقانیت آشکار ہونے اور اللہ کی جانب سے ہدایت عطا ہونے پر بغیر کسی لالچ اور دباؤ کے اپنی رضا خوشی سے اسلام قبول کیا ہے جس پر ضمیر مطمئن اور بے حد خوش ہیں، انشاء اللہ اپنی باقی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزاریں گے، اب ہم دامن مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے وابستہ ہو گئے ہیں، آج کے بعد ہمارا ہندو مذہب سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ اس موقع پر مسجد میں موجود نمازیوں نے نومسلموں کو اسلام قبول کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے دین پر استقامت کے لیے اجتماعی دُعا کی۔