بدین (نمائندہ جسارت) سندھ کے سینئر سیاستدان، وکیل دانشور اور آبی ماہر کامریڈ حسین بخش تھیبو نے پریس کلب میں سیاسی، سماجی، علمی، ادبی شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں سے لیکچر نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاق پنجاب اور اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ سندھ سمیت دیگر چھوٹے صوبوں کے خلاف منصوبہ بندی کی، کبھی کالا باغ ڈیم تھل اور چشمہ لنک کینال کی شکل میں اور اب ایک بار پھر دریائے سندھ سے زبردستی غیر قانونی کینال نکالنے کی کوشش کر رہا ہے، وفاق پنجاب اور اسٹیبلشمنٹ کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا اور کالا باغ ڈیم کی طرح سندھ دشمن منصوبے پر بھی عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کامریڈ حسین بخش تھیبو نے کہا کہ دریائے سندھ میں سے نکالی جانے والی غیر قانونی کینال کا منصوبہ سندھ کی تباہی بربادی کا سامان ہے جو سندھ کے عوام کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے پنجاب کے مفاد میں اگر کوئی زبردستی کی تو یہ ایسی آگ ہو گی جو یہ طاقتیں بجھا نہیں پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کالا باغ ڈیم کے خلاف رسول بخش پلیجو اور دیگر سیاسی اور قوم پرست جماعتوں سے مل کر کامیاب تحریک چلائی، لیکن آج پیپلزپارٹی کے سربراہ ایوان صدر میں بیٹھ کر ارسا ایکٹ میں ترمیم پر دستخط کر کے سندھ کو ناراض کر رہے ہیں۔