حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) گدی برادری کے وفد نے محمد رشید گدی الن والا کی سربراہی میں ٹائون میونسپل کارپوریشن سچل سرمست کے چیئرمین تاج ولی دائود عرف بلو پٹھان سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ وفد میں یوسی چیئرمین اظہر گل گدی، سابق یوسی چیئرمین ڈاکٹر محفوظ گدی، گدی برادری کے سابق صدر گل محمد گدی،تاجر رہنما حاجی عبد القیوم گدی چوک والے، گدی اسپتال کے چیئرمین شبیر جان گدی، یوسی وائس چیئرمین وقار گدی، شاعر محمود عالم گدی، سابق کونسلر مبارک علی گدی، یوسی وائس چیئرمین عدنان عقیل اور یوسی لیبر کونسلر عاطف گدی سمیت گدی برادری کے دیگر معززین شریک تھے۔ ملاقات کے دوران گدی برادری کے معززین نے ٹائون چیئرمین کو گدی برادری کے بزرگ تاریخ دان پروفیسر حسن خان گدی کے نام سے منسوب حالی روڈ پر قائم لائبریری اور گدی قبرستان سمیت ٹائون کے علاقائی مسائل اور گدی برادری کو در پیش چند مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا، جس پر ٹائون چیئرمین تاج ولی دائود عرف بلو پٹھان نے مسائل کوبغور سنا اوروفد کو یقین دہانی کرائی کہ انشا اللہ بہت جلد علاقائی مسائل کے ساتھ ساتھ پروفیسر حسن خان گدی لائبریری کو اپ گریڈ کر کے شاندار انداز میں اس کا افتتاح کیا جائے گا اور گدی قبرستان میں بھی ٹائون کی جانب سے ہر ممکن ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ گدی برادری کی جانب سے ٹائون چیئرمین کو سندھی اجرک اور گلدستہ پیش کیا گیا۔