اے جی سندھ نے ایک ہزار سے زائد ملازمین کی نومبر کی تنخواہیں روک لیں، آل سادات سوشل ویلفیئر

27

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل سادات سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی و صدر حاجی ایس حمید شاہ نے کہا ہے کہ اے جی سندھ نے سرکاری ملازمین کا بینک اکائونٹ کا آئی بی اے این نمبردرست نہ ہونے پر ایک ہزار سے زائد ملازمین کی نومبر کی تنخواہیں روک لی ہیں جس کی وجہ سے ملازمین پریشانی میں آگئے، مہنگائی کے دور میں پہلے ہی سرکاری ملازمین کا گزارا کرنا مشکل ہے ،ایسے میں تنخواہیں نہ ملنے پر ملازمین پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہیں رُک جانے والے ملازمین کو اے جی سندھ اور بینک انتظامیہ سے تسلی بخش جواب نہیں مل رہا، اے جی سندھ جانے والوں کو یہ جواب ملتا ہے کہ بینک سے سرکاری ملازمین کا آئی بی اے این نمبر مانگا گیا تھا لیکن بعض بینکوں کے نمبر نہ دینے پر تنخواہیں نہیں ملی ہیں جبکہ بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہے ۔ایس حمید شاہ نے وزیر اعلی سندھ سے اپیل کی ہے کہ جن سرکاری ملازمین کی نومبر کی تنخواہیں رُک گئی ہیں وہ فوری طور پر دی جائیں تاکہ تنخواہیں نہ ملنے پر سرکاری ملازمین میں جو بے چینی و مایوسی پھیلی ہوئی ہے وہ دور ہوسکے ۔