حکمرانوں کی نا لائقی کی وجہ سے امت مسلمہ پریشان ہے،ممتاز سہتو

45

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ نااہل کرپٹ حکمرانوں کے باعث سندھ سمیت ملک بھرکے عوام مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں، بحیثیت قوم ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روگردانی کرنے کی سزا بھگت رہے ہیں، ملک کو مسلسل تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی کی مقامی جماعت واھی گھوٹو کی جانب سے گوٹھ احمد آباد گڈانی میں منعقدہ سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی گھوٹکی کے شعبہ تعلقات عامہ کے صدر سردار احمد تبسم گڈانی ، نائب امیر گھوٹکی عبد الخالق گڈانی، امیر گھوٹو واھی اسد اللہ مجاہد گڈانی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کرپٹ حکمرانوں اور سرکاری اداروں کی بے حسی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقی کی وجہ سے بہت زیادہ پریشان ہے، مسائل کے حل کے لیے سیرت النبی پر عمل پیرا ہونا اور دیانتداری اہل ملکی قیادت کو بر سرِ اقتدار لانا ہوگا۔ انہوں نے دریائے سندھ پر نئے کینال بنانے کی مذمت کرتے کہا کہ پہلے ہی سندھ بھوک اور زراعت و معیشت کی بدحالی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، اب اگر پانی پر بھی ڈاکا ڈالا گیا لگایا تو اہلیان سندھ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی فیکٹریوں کا ضلع کہلایا جاتا ہے لیکن مقامی نوجوانوں کو ان میں روزگار نہیں دیا جا رہا، باہر سے لوگ بلا کر انہیں نوکریاں دی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں حکومت کی طرف سے ایک کمیٹی بنی ہوئی جو فیکٹریز کی فنڈنگ سے مقامی دیہاتوں گائوں میں ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات کرتی ہے لیکن وہ کمیٹی بھی غیر فعال ہے، کسی گاؤں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام نہیں آ رہا۔