حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم سندھ میں 17 مہینے قبل بھرتی ہونے والے لوئر اسٹاف نے تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف پریس کلب پر غلام شبیر لاشاری، حاکم زرداری، کامران علی اور دیگر ملازمین کی قیادت میں احتجاج کیا اور تنخواہوں کے حصول کے لیے نعرے بازی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 17 مہینے قبل ہمیں محکمہ تعلیم میں لوئر اسٹاف کے طور پر بھرتی کیا گیا تھا، 17 مہینے گزرنے کے باوجود ہمیں اب تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کے حصول کے لیے محکمہ تعلیم کے ضلعی اور تعلقہ دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں جہاں ہمیں صرف آسرے دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہیں نہ ملنے کے سبب گھر کا گزر بسر بھی مشکل ہو چکا، ہمارے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔