کنری: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم سے کٹوتی کا سلسلہ نہ رُک سکا

42

کنری (جسارت نیوز) حکومت کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے غریب خواتین کے لیے جاری کی گئی وظیفے کی رقم سے ڈیوائس مافیا ڈڈرو اور نبی سر تھر کے سینٹرز پر ایک ہزار سے پندرہ سو روپے کی جبری کٹوتی کا سلسلہ خواتین کے بار بار شکایات کے باوجود نہ رُک سکا، گزشتہ روز اسلام آباد کی انسپیکشن ٹیم کی جانب سے ڈڈرو سینٹر کے دورے کے موقع پر بڑی تعداد میں خواتین نے وظیفے کی رقم سے جبری کٹوتی سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے تھے، تاہم ٹیم نے شکایتی فارم پْر کرکے ڈیوائس ہولڈر سے خواتین سے کٹوتی کی گئی رقم واپس دلوائی۔ دوسری جانب چیئرمین کنری سٹی حاجی شکیل احمد باجوہ کی جانب سے کٹوتی روکنے کے لیے کنری سٹی کے وائس چیئرمین شیوا نند سندھی کی قیادت میں کونسلرز پر مشتمل ٹیم کی جانب سے نبی سر تھر سینٹر پر بڑھتی ہوئی جبری کٹوتی کی شکایات پر انسپیکشن ٹیم نے ڈیوائس ہولڈر حماد کی ڈیوائس بلاک کروا دی لیکن کٹوتی کا سلسلہ پھر بھی نہ رُک سکا، تاہم اگلے دن جمعہ کے روز انسپیکشن ٹیم نے نبی سر تھر سینٹر بند کروا دیا جس کے باعث خواتین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، کٹوتی کرنے والے ڈیوائس مافیاز اتنے تو بااثر ہیں کہ متعلقہ حکام ثبوتوں کے باوجود ان کیخلاف کوئی کاروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں یا پھر مک مکا کرکے اس پر خاموشی اختیار کر لی ہے۔