حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان نے حیدرآباد کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے گندم کی خریداری میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اُٹھانے کی ہدایات دی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سخت ہدایات کی روشنی میں عبدالجبار خان نے دریائے سندھ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’دریائے سندھ ہے تو ہم ہیں‘‘ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر ہونے والے کسی بھی غیر قانونی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں ارسا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف سندھ اسمبلی کی متفقہ قرارداد کا حوالہ دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے کی عوام اور سندھ اسمبلی کی منظوری کے بغیر دریائے سندھ سے پانی کی کوئی تقسیم نہیں کی جائے گی، گندم کے گوداموں کے اچانک دورے کے دوران عبدالجبار خان نے ہدایت کی کہ گندم کو چوہوں اور دیگر جانوروں سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب اقدامات اور گوداموں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی شکایات، غفلت یا کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔