پاکستان کی مالیاتی کمیونٹی کے لیے ایک دہائی کی شاندار کارکردگی

39

انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICAP) نے 10 ویں نیشنل فنانس اولمپیاڈ (این ایف او) کی شاندار تقریبات کے ساتھ ایک سنگ میل عبور کرنے پر فخر کا اظہار کیا ہے۔ یہ تاریخی تقریب پاکستان کی مالیاتی کمیونٹی کے لیے ایک دہائی کی شاندار کارکردگی، جدت اور قیادت کا مظہر ہے۔ اپنے آغاز سے ہی نیشنل فنانس اولمپیاڈ،ICAP کی پروفیشنل اکاؤنٹنٹس ان بزنس (PIAB) کمیٹی کا ایک اہم اقدام رہا ہے۔ گزشتہ دس برسوں میں، یہ فنانس سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کے لیے اپنی مہارت کے اظہار کا ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ اس سال کے اولمپیاڈ میں مختلف شعبوں اور اداروں کی نمائندگی کرنے والی مجموعی طور پر 52 ٹیموں نے سخت مقابلے میں حصہ لیا، جو دو چیلنجنگ راؤنڈ زپر مشتمل تھا۔ ٹاپ کرنے والی 6 ٹیموں یعنی یونی لیور، لپٹن ٹیز اینڈ انفیوژنز، اینگرو فرٹیلائزرز، کے پی ایم جی، کے این ایس اسکول آف بزنس اسٹڈیز اور کے الیکٹرک نے غیر معمولی مالی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’’نیشنل فنانس چیمپئن 2024‘‘ کے گرینڈ فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔نیشنل فنانس اولمپیاڈ کا متحرک ڈھانچہ مسلسل ترقی کر رہا ہے، جس میں شرکاء کو متعارف کردہ نئے سمولیشن پر مبنی تشخیص کے ذریعے حقیقی دنیا کے منظرنامے سے نمٹنے کے لیے چیلنج دیا گیا اور اس سے قبل، صنعتی رہنماؤں نے جائزہ لیا تھا۔ مقابلے میں کیس اسٹڈیز، بورڈ روم چیلنجز اور انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے شرکاء کو بھرپور طریقے سے آزمایا گیا۔ ان میں سنسنی خیز ’اسپن دی وہیل‘ سرگرمی بھی شامل تھی۔اولمپیاڈ کی شام کا آغاز ایک پُر جوش نیٹ ورکنگ سیشن کے ساتھ ہوا، جس نے ایک دلچسپ مقابلے کے لیے اسٹیج تیار کیا۔ چیئرمین پی اے آئی بی کمیٹی اور ICAP کونسل کے رُکن،جناب سمیع اللہ صدیقی، FCAنے ایک متاثر کن خطاب کے ساتھ حاضرین کا استقبال کیا۔ آئی کیپ کے صدر، محترم فرخ رحمان ایف سی اے نے قوم کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مالیاتی پیشہ ور افراد کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور شرکاء کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے تمام شریک ٹیموں اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو مبارکبادپیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ آئی کیپ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے این ایف او 2024 جیسے پلیٹ فارم، آئندہ نسل کے مالیاتی رہنماؤں کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئی کیپ مالیاتی میدان میں شاندار کارکردگی، مستقل مزاجی، اور جدت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ مالیاتی پیشہ ور افراد عالمی سطح پر پاکستان کی ترقی میں معنی خیز تعاون فراہم کرتے رہیں۔