کراچی(نمائندہ خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کی جانب سے ضلع میرپورخاص کے 10 بیروزگار افراد کو 5لاکھ روپے مالیت کیسبزیوں اور فروٹ کے ٹھیلے فراہم کئے گئے۔اس موقع پر میرپورخاص الخدمت کے صدر عرفان الحق،صدر پریس کلب نذیراحمد پنہور، شکیل احمد فہیم اور سلمان خالد سمیت مختلف سماجی شخصیات موجود تھیں۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان الحق نے کہاکہ اس وقت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہورہاہے۔ الخدمت مائیکروفنانس کے ذریعے ملک بھر میں موجود بے روزگاراور مستحق افرادکو چھوٹے قرضے فراہم کئے جاتے ہیں اور انہیں کاروبار کیلئے وسائل فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان کیلئے باعزت روزگار کماسکیں۔نذیراحمد پنہور کاکہناتھاکہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے کمزور طبقے کیلئے جوخدمات انجام دیر ہی ہے، وہ قابل تحسین ہیں۔ آج جن افراد کو روزگارفراہم کیاگیا ہے اگر یہ محنت اور لگن سے کام کریں گے تویقیناً اس میں مزید برکت ہوگی۔ ان کامزیدکہناتھاکہ مخیر حضرات کو چاہیے کہ اس مشن میں الخدمت کا ساتھ دیں تاکہ بے روزگاری پر قابوپایاجاسکے۔سبزی اورفروٹ کے ٹھیلے حاصل کرنے والے افراد نے الخدمت کا شکریہ ادا کیا۔