کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ کے تمام سرکاری اسکولوں کو بتدریج سولرائیزڈ کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی پرائیویٹ اسکولوں کو بھی سولرائیزڈ کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون و مدد کی جائے گی تاکہ اسکولوں کے بچے اپنی تعلیم اور امتحانات پرسکون ماحول میں جاری رکھ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز ایجوکیشن سندھ اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایجوکیشن کی جانب سے پیغام پاکستان۔ استحکام پاکستان کے عنوان سے پی اے ایف میوزیم میں آل سندھ سائنس اینڈ آرٹس گالا میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر چیف آرگنائیزر پیغام پاکستان سندھ علامہ سجاد تنولی، چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن سید حیدر علی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رافعہ جاوید کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اسکولوں کے بچوں کو پاکستانی تاریخ اور مثبت آگاہی اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے ، مستقبل کے معماروں کو آج کا پیغام استحکام پاکستان ہے اساتذہ بچوں کو آگاہ کریں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ حالات دن بدن بہتر ہوتے جارہے ہیں، روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔