نوجوانوں کو آگے بڑھ کرفرسودہ نظام کو ختم کرنا ہوگا‘گورنر

18

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ /چانسلر کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ نوجوان منفی سوچ کو نکال کر مثبت سوچ اپنائیں ، کامیابی یقینی ہے،پاکستان میں ٹیلنٹ اور وسائل کی کوئی کمی نہیں ،نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اس فرسودہ نظام کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ اس ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کے 12ویں کانوووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وائس چانسلر ، فیکلٹی ممبران ، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین بھی شریک تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ والدین ان باصلاحیت طالبات کی حوصلہ افزائی کریں انہیں بڑھنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل نوجوانوں پر خرچ کرنا ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ دائود یونیورسٹی نے ایک تسلسل کے ساتھ اپنا معیار برقرار رکھا ہے۔ طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے چانسلر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آج آ پ سب اپنے والدین کی خدمت کے عزم کا اعادہ کریں یہ آپ پر فرض بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج طلبہ و طالبات نے ڈگریاں نہیں بلکہ اپنا مستقبل حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ90فیصد طالبات گولڈ میڈل حاصل کرتی ہیں۔طالبات اپنا گولڈ میڈل کچن یا چولہے کی نظر مت بنائیں۔ طالبات کے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے چانسلر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آپ اپنی بیٹیوں کو خوب پڑھائیں ان کی ڈگریاں شوکیس میں سجا کر نہیں رکھیئے گا۔ان لڑکیوں کو آگے بڑھنے دینا چاہئے۔