نیویارک(اسپورٹس ڈیسک)نیشنل کرکٹ لیگ امریکا نے کرکٹ کے عالمی فروغ اور کمیونٹی کی تعمیر کے عزم کے ساتھ 2025 کے ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا۔اعلان این ایل سی کی گزشتہ سال کی غیر معمولی کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے جس میں لیگ نے کرکٹ کے مداحوں کو ایک نیا اور دلچسپ تجربہ فراہم کیا تھا۔این ایل سی کی جانب سے امریکا میں 2024 کے پہلے سال میں کرکٹ کے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے شاندار مواقع فراہم کیے گئے، انتظامیہ کے مطابق لیگ کی موبائل ایپ “کرکٹ” کو 1.1 ملین بار ڈان لوڈ کیا گیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک سو ملین سے زائد افراد نے رسائی حاصل کی۔معروف بین الاقوامی براڈکاسٹرز کے ساتھ شراکت داری کے نتیجے میں لیگ کا مواد 120 ممالک میں نشر ہوا جس سے این ایل سی نے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی۔